|

وقتِ اشاعت :   January 8 – 2018

 لاہور: اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شہباز شریف اور راناثنااللہ کو مستعفیٰ ہونے کے لیے دی گئی ڈیڈلائن ختم ہوگئی۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے عوامی تحریک کے زیراہتمام اے پی سی میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو مستعفیٰ ہونے کے لیے 7 جنوری کی ڈیڈلائن ختم ہوگئی ہے۔ 

حکومتی شخصیات کی جانب سے اپوزیشن کی ڈیڈلائن کا کوئی نوٹس نہ لیا گیا جب کہ ڈیڈلائن ختم ہونے پر کل جماعتی کانفرنس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر 3 بجے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ہوگا۔

 اجلاس میں جہانگیرترین، میاں منظور وٹو، شیخ رشید ، لیاقت بلوچ، صاحبزادہ حامدرضا سمیت 18 جماعتوں کے رہنما شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریگی جس میں ملک گیراحتجاج اور دھرنوں کا اعلان متوقع ہے، اس کے علاوہ لاہورسمیت مختلف شہروں میں بیک وقت دھرنوں کی تجویز بھی زیرغور ہے جب کہ احتجاج کے طریقہ کار اور تاریخ کا اعلان بھی ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ 30 دسمبر 2017 کو آل پارٹیز کانفرنس نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ کو مستعفی ہونے کیلئے 7 جنوری کی مہلت دی تھی۔