|

وقتِ اشاعت :   January 9 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے قریب جی پی او چوک پر خود کش حملے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔ 

 بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ختم ہوتے ہی اسمبلی سے تھوڑے فاصلے پر ریڈ زون کے قریب جی پی او چوک پر زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ قریب کھڑی بس کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق دھماکا خود کش تھا جس میں  خود کش حملہ آور نے پولیس ٹرک کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید جب کہ 25  زخمی ہوگئے جن میں پولیس اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے آج اسمبلی میں اہم اجلاس ہونا تھا جس کے پیش نظر ریڈزون میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی تاہم وزیراعلیٰ کے استعفیٰ دینے کی وجہ سے اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

نوٹ: یہ دھماکے کی ابتدائی خبر ہے اوراس میں صورتحال لمحہ بہ لمحہ تبدیل ہو رہی ہے۔ جیو نیوز کی کوشش ہے کہ وہ موصول ہونے والی تمام اطلاعات کو تصدیق کے بعد اپنے قارئین تک پہنچائے۔