اسلام آباد: پاکستان نے اسلام آباد میں تعینات غیرملکی سفیروں اور ہائی کمشنرز کو بتایا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور افغان ایجنسی ’این ڈی ایس‘ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے میں ملوث ہیں۔
پاکستان میں متعین غیر ملکی سفراء اور ہائی کمشنرز کودفترخارجہ میں سفارتی و عسکری قیادت کی جانب سے بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیزی سمیت افغان سرزمین سے ہونے والے حملوں پر بریفنگ دی گئی جب کہ شرکا کو بھارتی فوج کی جارحیت کے ثبوت بھی دکھائے گئے۔
بریفنگ میں وزیر خارجہ، سیکرٹری خارجہ،لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر،ڈی جی ایم اوسمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔اس موقع پرسفیروں کو دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کارروائیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا گیا جب کہ وزیرخارجہ خواجہ آصف نے شرکا کو بتایا کہ گزشتہ 4 برسوں میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے فیصلہ کن کردار ادا کیا اور دہشت گردی کی کارروائیوں سے بڑا جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ افغان سر زمین پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان کو شدید خطرہ ہے اور افغانستان میں موجود محفوظ پناہ گاہوں سے پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا، بھارتی ایجنسی را اور افغان ایجنسی این ڈی ایس پاکستان کو غیرمستحکم کرنے میں ملوث ہیں جب کہ بھارتی خفیہ ادارے کی سرگرمیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی توجہ کو ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں اہلکاروں کی شہادت پر سفیروں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے بتایا کہ کوئٹہ واقعے کی کڑیاں افغانستان سے ملتی ہیں۔