کراچی:عدالت نے اے ٹی ایم اسکمنگ کیس میں گرفتار دو چینی باشندوں کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
کراچی میں چند ماہ قبل اے ٹی ایم اسکمنگ کے ذریعے فراڈ کی وارداتوں کا انکشاف ہوا تھا جس میں کئی شہریوں کا ڈیٹا ہیک کرکے ان کے اکاؤنٹ سے رقوم نکلوائی گئی تھیں۔
صارفین اور بینکوں کی شکایات پر ایف آئی اے کئی ہفتوں سے ملزمان کی تلاش میں مصروف تھے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے عبدالسلام شیخ کے مطابق دونوں چینی باشندے نجی بینک کی اے ٹی ایم میں اسکمنگ ڈیوائس لگارہے تھے جنہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ان کے خلاف بینک مینیجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی اے نے آج دونوں ملزمان کو کراچی کی مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزمان انگریزی بول نا سمجھ سکتے ہیں جب کہ ان کا 8 سے 10 افراد کا گروہ ہے۔
پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کے گروہ کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کتنی دیر میں اسکمنگ ڈیوائس انسٹال کرتے تھے؟ اس پر بینک مینیجر نے بتایا کہ ملزمان 30 سے 40 سیکنڈ میں ڈیوائس نصب کرتے تھے۔
بینک مینیجر نے عدالت کو مزید بتایا کہ کچھ دنوں سے ملزمان کی مشکوک سرگرمیاں ریکارڈ ہوئی تھی۔
عدالت نے کہا کہ عوام کا بہت نقصان ہوا ہے لہٰذا آئندہ سماعت پرپیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔