|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2018

کراچی: وی وی آئی پی موومنٹ ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ وی وی آئی پی موومنٹ چاہے کسی کی بھی ہو شہریوں کو  تکلیف سے بچایا جائے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے وی وی آئی پی موومنٹ ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران چیف جسٹس نے آئی جی سے استفسار کیا کہ سڑکوں کو بند کرنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اے ڈی خواجہ صاحب بتائیں شہریوں کے حقوق کیا ہیں؟  جس پر آئی جی سندھ نے کہا کہ وی وی آئی پیز کے لیے قوانین موجود ہیں۔

سماعت کے دوران آئی جی سندھ سے مکالمے میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی صاحب، میں بھی تو وی وی آئی پی ہوں، میرے لیے تو سڑک بلاک نہیں ہوتی۔ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ کہیں سڑکیں بند نہیں ہوتیں، صرف موومنٹ کےلیےانتظامات کیےجاتے ہیں،ہم صرف2منٹ کےلیے ٹریفک بند کرتے ہیں۔

چیف جسٹس نے از خود نوٹس نمٹاتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ انتظامات ضرور کریں مگر شہریوں کو کم سے کم تکلیف ہو۔ وی وی آئی پی موومنٹ چاہے کسی کی بھی ہو شہریوں کو  تکلیف سے بچایا جائے، حلف نامہ جمع کرائیں کہ مستقل سڑکیں بلاک نہیں ہوتیں، ہم آپ کے حلف نامے کا جائزہ لیں گے، شہریوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔