|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2018

ملتان: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم لندن کے رہنما پروفیسر حسن عارف کا بہیمانہ قتل ہوا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم کے سربراہ فاروق ستارکا کہنا ہے کہ لوگوں کی امیدیں ایم کیوایم پاکستان سے ہیں، ایم کیوایم پاکستان کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہے اورپتنگ کا نشان اگلے الیکشن میں بھی لوگوں کی امید کا مرکزہوگا جب کہ ایم کیو ایم عام آدمی اورغریب کو ٹکٹ دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 انتخابات کا سال ہے، انتخابات کی بساط بچھ رہی ہے جبکہ اگر الیکشن ہوجائے تو پھر کوئی دھرنا نہیں ہوگا۔

فاروق ستارنے کہا جب ملتان ائیرپورٹ پہنچا تو حسن عارف کی شہادت کی خبرملی، پروفیسرحسن عارف کا بہیمانہ قتل ہوا ہے،حسن عارف کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے تھا، ہم ان کے پسماندگان کے ساتھ برابرکے شریک ہیں جب کہ حسن عارف کا قتل کراچی کو بدامنی کی جانب دھکیلنے کی سازش ہے۔

ایم کیوایم سربراہ فاروق ستارنے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بہت سے مسائل ہیں، مسائل کے حل کیلیے کوئی خاطرخواہ اقدام نہیں کیے گئے۔