|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2018

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے سے 10 روز میں رپورٹ طلب کر لی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ جعلی ڈگری اسکینڈل کی خبریں ملکی و بین الاقوامی میڈیا میں آرہی ہیں، غالباً یہ معاملہ پہلے بھی منظرعام پر آیا تھا، اس اسکینڈل کے حوالے سے مقدمات عدالتوں میں زیرالتواء بھی ہیں، اسکینڈل سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں، خبریں سچی ہیں تو اس اسکینڈل کا تدارک ہونا چاہیے۔

چیف جسٹس نے ڈی جی ایف آئی اے سے 10 روز میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے ایگزیکٹ اسکینڈل سے متعلق مفصل رپورٹ عدالت کو پیش کریں۔ پاکستان کی بدنامی کرنے والا کوئی بچ کر نہیں جائے گا۔