کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجونے کہا ہے کہ علاج ومعالجہ کی بہترین سہولتیں عوام کا بنیادی حق ہیں صوبے کے سرکاری ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں ڈاکٹروں، طبی عملہ ، ادویات اور ضروری آلات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائیگا اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔
وہ خود اور ان کے مقرر کردہ نمائندے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کے ہسپتالوں اور صحت کے مراکز کا اچانک دورہ کرکے عوام کو علاج معالجہ کی فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انسٹیٹوٹ آف نفرولوجی، یورولوجی کوئٹہ کے اچانک دورے کے موقع پر وہاں موجود لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی،صوبائی وزیر صحت میر ماجد ابڑو اور سابق صوبائی وزیر میر فائق علی جمالی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
مریض اور ان کے تیماردار اور بغیر سیکورٹی کے اچانک وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے دورے کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبہ جات ، ڈائلائسسز سینٹراور لیبارٹری کا معائنہ کیا۔ زیر علاج مریضوں سے ملاقات کر کے ان کی عیادت کی اور ان سے انہیں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر اعلیٰ نے ہسپتال میں صحت و صفائی اور علاج معالجہ کی فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انسٹیٹیوٹ کی کار کردگی کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ صحت کے دیگر اداروں کے لئے ایک مثال ہے اور وہ چائیں گے کہ صوبے کے تمام ہسپتال اپنے معیارکو اسی طرز پر بہتر بنائیں ۔
وزیر اعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو یقین دلایا مزید ڈائلائسسز یونٹوں اور دیگر طبی آلات کے لئے ہسپتال کو وسائل فراہم کئے جائیں گے تاکہ صوبے کے واحد یورولوجی انسٹیٹیوٹ میں عوام کو علاج و معالجہ کی جدید سہولتیں فراہم ہوسکیں۔