|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2018

کوئٹہ: لاہور میں شادی کی تقریب میں فائرنگ کرکے رکن قومی اسمبلی کے بھتیجے سمیت تین افراد کو قتل کرنیوالے دو ملزمان کو ایران سے گرفتار کرنے کے بعد پاکستانی حکام کے حوالے کردیاگیا۔

چاغی میں ایف آئی اے اور لیویز نے ضروری کارروائی کے بعد ملزمان کو لاہور پولیس کے حوالے کردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق 42سالہ محمد اسلم عرف اچھا ولد محمد انور علی بھٹی اور محمد اسلم ولد محمد شریف لاہور میں فائرنگ کرنے کے بعد کوئٹہ پہنچے اور یہاں سے تفتان کے راستے غیر قانونی طور پر ایران فرار ہوگئے تھے۔

ملزمان ایران سے ترکی فرار ہونا چاہتے تھے تاہم سفری دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے دونوں ملزمان کو ایرانی فورسز نے گرفتار کرکے17جنوری کو تفتان میں لیویز کے حوالے کردیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر چاغی عمران ابراہیم کے مطابق لیویز نے ضابطے کی کارروائی کیلئے ملزمان کو ایف آئی اے کے حوالے کیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے امیگریشن ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے اور جرمانہ وصول کرنے کے بعد ملزمان کو واپس لیویز کے حوالے کردیاگیا۔

ملزمان کی گرفتاری کی اطلاع ملنے پر لاہور سے ڈی ایس پی محمد زاہد کی سربراہی میں پولیس کی ٹیم چاغی کے علاقے دالبندین پہنچی جہاں لیویز حکام نے دونوں ملزمان کو ان کے حوالے کردیا۔ پولیس ملزمان کو لیکر لاہور روانہ ہوگئی۔

یاد رہے کہ 3جنوری کو لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں شوکت خانم ہسپتال روڈ پر مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی کے بھانجے کی شادی کی تقریب میں نمبردار ملک اسلم کھوکھراور اشرف بھٹی گروپ کے درمیان پرانی رنجش کی بناء پر تصادم ہوا تھا۔

اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایم این اے افضل کھوکھر اور رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کے بھتیجے 35سالہ عمران شفیع کھوکھر ،ان کے محافظ یاسین سمیت تین افراد جاں بحق اور9افراد زخمی ہوگئے تھے۔

لاہور کے تھانہ جوہر ٹاؤن پولیس نے ملزم اسلم عرف اچھا اور ان کے ساتھیوں کے خلاف قتل ، اقدام قتل اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کررکھا ہے۔