|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2018

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ہفتہ کواچانک کوئٹہ شہر کے مختلف حصوں، عدالت روڈ، منان چوک اور جناح روڈ کا دورہ کیا اورشہریوں اور دکانداروں سے ان کو درپیش مشکلات اور شہر کے مسائل سنے جبکہ اس دوران جناح روڈ اور اس سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک بلاتعطل چلتی رہی۔

وزیراعلیٰ شہریوں سے گھل مل گئے اور وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان پاکر لوگ خوشگوار حیرت میں مبتلاہوئے۔

وزیراعلیٰ نے جناح روڈ کی خستہ حالی اور کام میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقی و منصوبہ بندی، سیکریٹری مواصلات و تعمیرات اور کمشنر کوئٹہ اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہر کی اس اہم سڑک کی مرمت کا کام جلد شروع کیا جائے اور ٹریفک کے نظام، بلخصوص گاڑیوں کی پارکنگ کو مزید بہتربنایا جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کوئٹہ بھر میں صفائی، نکاسی آب اورشہر کو درپیش دیگر مسائل کے حل کو جلد ازجلد یقینی بنانے کے لئے ان پر کام کا آغاز کیا جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا تساہلی برداشت نہیں کیا جائیگا۔

وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجونے شہر کے دورے کے دوران شہریوں اور دکانداروں سے گفتگو کی اور ان کو درپیش مشکلات اور مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا شہر ہے اس کی خوبصورت اور ترقی کے لئے ہم سب کو ایمانداری اور خلوص نیت سے کام کر کے اسے دیگر ترقی یافتہ شہروں کے برابر لانا ہوگا ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ گذشتہ دو دن سے شہر کے مختلف ہسپتالوں، تھانوں اور دیگر عوامی مقامات کا معائنہ کر رہے ہیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل کو جتنا جلد ممکن ہوسکے حل کرسکیں اور عوام کو ریلیف ملے۔

انہوں نے کہا کہ جناح روڈ کوئٹہ کی اہم سڑک ہے آج انہوں نے اس سلسلے میں کمشنر کوئٹہ اور دیگر حکام سے مکمل بریفنگ لی ہے اوراس کی مرمت پر دو دن میں کام شروع کیا جائیگا،

انہوں نے کہا کہ یہ وقت الزام تراشی اور دوسروں کو ذمہ دار ٹہرانے کا نہیں ، ہمیں اپنا فرض ادا کرنا ہے ہم اپنے ضمیر کے سامنے جوابدہ ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہانہوں نے تمام محکموں کے سیکرٹریوں کو ہدایت کی ہے کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کا دورہ کریں اور ترقیاتی عمل کو مزید تیز اور موثر بنایا جائے تاکہ عام آدمی کو بھی خوشگوار تبدیلی کا احساس ہوسکے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ بہت جلد کوئٹہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد کرینگے تاکہ کوئٹہ شہر کی کھوئی ہوئی خوبصورتی اور حسن کو دوبارہ بحال کیا جاسکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی صفائی، ستھرائی اور خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ہم اس کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہے ہیں، کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ جو گذشتہ ڈیڑھ سال سے تعطل کا شکار تھا اس پر ہنگامی بنیادوں پرکام کا آغاز کیا جائیگا۔

عوام کے جان ومال کی حفاظت اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرناہماری اولین ترجیح ہے، حالیہ بدامنی کے واقعات کے پیش نظر کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں عوام کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے اور اس سلسلے میں غفلت برتنے والے پولیس افسران اور مقامی انتظامیہ کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میڈیا عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی رہنمائی کرے تاکہ عوامی مسائل کا حل جلد ممکن ہوسکے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری (منصوبہ بندی و ترقیات)نصیب اللہ بازئی اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیوشیرخان بازئی بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔