|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2018

 اسلام آباد: وفاقی وزیرِداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان طویل دورانیے کی نگراں حکومت چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی معاملات میں کسی سے رعایت نہیں کی جائےگی، امریکا کی جانب سے شمالی وزیرستان میں ہونے والا ڈرون حملہ ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں ہم نے امریکا سے شدید احتجاج کیا اور مذمت کی۔ 

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف ہماری کامیابیوں کی مثال دنیا میں نہیں ملتی، دہشت گردی کی جنگ میں جتنی کامیابی پاکستان نےحاصل کی اتنی کسی ملک نے نہیں کی، ہم نے دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی تفصیل اقوام متحدہ کی ٹیم کوبتائی ہے، عالمی برادری سمیت اقوام متحدہ کو بھی چاہئے کہ وہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کا اعتراف کرے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان طویل دورانیے کی نگراں حکومت چاہتے ہیں، چئیرمین پی ٹی آئی سمیت جو بھی جلدی انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں وہ نظام میں خرابی چاہتے ہیں، جولائی 2018 سے پہلے عام انتخابات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ قصور واقعے سے متعلق پنجاب حکومت کے خلاف من گھڑت خبر چلائی گئی، قصور واقعے کا مجرم پکڑا گیا اور پنجاب حکومت کو کامیابی ہوئی، لیکن ایک اینکر نےخبرچلائی جس پرنوٹس لیا گیا اور بعد میں پتا چلا کہ خبرمن گھڑت ہے، لوگ من گھڑت خبریں پھیلانے والوں سے چوکنا رہیں۔