کراچی: پی آئی اے کی انتظامیہ نے سعودی عرب اور چین کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ زائرین کی سہولت کے لیے ایران کے شہر مشہد کے لیے بھی پروازیں شروع کی جارہی ہیں۔
اخراجات میں کمی اور آمدنی میں اضافہ کے لیے قومی ایئر لائن کا نیا بزنس پلان ترتیب دے دیا گیا، جامع بزنس پلان کے ذریعے قومی ایئر لائن کے خسارے میں کمی لانے کی کوششیں جارہی ہیں اس سلسلے میں پی آئی اے نے منافع بخش روٹس پر پروازوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور چین کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھائی جارہی ہیں، جدہ کے لیے پروازوں کی تعداد 28 سے بڑھا کر 31 اور مدینہ کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 9 سے 10 کی جارہی ہے جب کہ بیجنگ کے لیے اسلام آباد اور کراچی سے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 2 سے 4 کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں زائرین کی سہولت کے لیے ایران کے شہر مشہد کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق منافع بخش روٹس پر پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے اور نقصان میں جانے والے روٹس کی پروازوں کو وقتی طور پر بند کیا جائے گا۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مجموعی کاوشوں سے ائر لائن کو دوبارہ سے منافع بخش بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔