|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2018

کوئٹہ: سیکریٹری صحت جاوید انورشاہوانی نے کہاہے کہ دنیابھر میں ترقی یافتہ اقوام میں صحت سمیت تمام ضروریات زندگی کے شعبوں میں حکومتی کارکردگی کے ساتھ ساتھ غیرسرکارتنظیموں اور مخیر حضرات کا انفرادی کرداربھی اہمیت کا حامل ہے اورہمیں بھی یہی سوچ اپنانی ہوگی کہ ہم ہر معاملے میں حکومت کی طرف نہ دیکھیں بلکہ معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں جس کی ہرسطح پر پذیرائی کی جائے گی ۔

یہ بات انہوں نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی طرف سے ریجنل بلڈ سینٹر کوئٹہ کیلئے خون کے عطیات کے کیمپئن کیلئے ایمبولینس عطیہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین خدمت خلق فاؤنڈیشن نعمت اللہ ظہیر ، صدرکوئٹہ پریس کلب رضا ء الرحمن ، ڈائریکٹر آربی سی پروفیسر ڈاکٹر ندیم صمد ، مینجر آر بی سی ڈاکٹر رحیم جان بلوچ کے علاوہ متعلقہ حکام بھی موجود تھے اس موقع پر سیکریٹری صحت نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریجنل بلڈ سینٹر میں خون سے متعلق بیماریوں اور ان سے علاج کیلئے جدید آلات و مشینری دستیاب ہے اوریہ سینٹرہفتے کے سات دن چوبیسگھنٹے کھلیرہتا ہے جس سے بلوچستان کے سات بڑے ہسپتالوں میں صاف خون کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہا ہے ۔

ایمبولینس کی فراہمی سے ریجنل بلڈ سینٹر کی ٹیم کو خون کی عطیات جمع کرنے کے کیمپئن میں آسانی ہوگی انہوں نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے چیئرمین نعمت اللہ ظہیرکا شکریہ ادا کیا کہ ان کا ادارہ صوبے میں دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے جوکہ قابل سائش ہے ۔

اس موقع پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کے چیئرمین نعمت اللہ ظہیرنے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ صحت کی سہولتوں میں بہتری کیلئے ہر وقت اپنی خدمات صوبے کے دور دراز علاقوں میں سرانجام دیتارہے گا اورآنے والوں وقت میں کوئٹہ کے بڑے ہسپتالوں میں دیگر طبی آلات و مشینری بھی مہیاکرے گاانہوں نے کہا کہ انکے ادارے کا مقصد حکومت کی صحت کے شعبے میں ہر سطح پرمعاونت کرنا ہے۔

اس موقع پرکوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاء الرحمن نے فاؤنڈیشن کی جانب سے عطیہ کی جانے والی ایمبولینس کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کی خدمات بلوچستان کی دکھی انسانیت کے لئے قابل سائش ہے جبکہ کوئٹہ پریس کلب ہر اچھے اقدام کی پذیرائی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

بعد از سیکریٹری صحت کوریجنل بلڈسینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹرندیم صمد نے سینٹر کاتفصیلی معائنہ کروایااوربتایاکہ صوبے میں اس وقت 1786 رجسٹرڈتھیلسمیا میجر کے مریض ہیں جن میں 702 ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریض ہیں اور ان کوروزانہ کی بنیاد پرخون مہیاکیا جارہا ہے اس موقع پرسیکریٹری صحت نے ریجنل بلڈ سینٹر کے ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی ۔