|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2018

کوئٹہ : پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا محکمہ صحت میں اصلاحات لانے کا فیصلہ ایک ماہ کے اندر ڈاکٹروں کی تمام تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا ۔

جس کے تحت ڈاکٹروں و مریضوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں سے سرکاری ہسپتالوں کی جانب راغب ، فاطمہ جناح ہسپتال میں شام کے اوقات مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی ،کسی بھی حادثے کی صورت میں عوام کو قریب ترین پرائیویٹ یا نجی ہسپتال میں مفت ابتدائی طبی امداد کی فراہمی سمیت صوبہ بھر میں فری میدیکل کیمپس کا انعقاد ،ڈاکٹروں اور طبی عملے کو حاضری یقینی بنانے ،ہسپتالوں کا اندر قائم غیر فعال شعبوں کوفعال کیا جائے گا۔

اس عزم کا اعادہ گزشتہ روز پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر ڈاکٹر فرید سمالانی ،ڈاکٹر خالد ، ڈاکٹر شاہ محمد ، ڈاکٹر زمان جمالی،ڈاکٹر مصطفی وردگ نے گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاء الرحمان ، جنرل سیکریٹری عبدالخالق رند سمیت دیگر صحافیوں سے ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر فرید سمالانی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی نمایاں تنظیم ہونے کے ناطے پی ایم اے محکمہ صحت میں انقلابی اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ڈاکٹرز اور عوام کے درمیان دوریوں کی وجہ بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی ہے سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرنے والے مریض سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں ۔


ان کا کہنا تھا کہ نجی اور سرکاری ہسپتالوں کی لیبارٹریز کے لئے حکومتی سطح پر قوانین بنائے جارہے ہیں جس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا ان کا کہنا تھا کہ پی ایم اے کسی اس اقدام کی حمایت نہیں کرے گی جس کا براہ راست اثر بلوچستان کے پسماندہ عوام کو بھگتنا پڑے ۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عملے اور ڈاکٹرز کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے پی ایم اے نے غیر حاضر ڈاکٹروں سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے محکمہ صحت میں اصلاحات پر عملدرآمد کرکے ہی ہم اپنے صوبے کو ایک صحت مند معاشرہ فراہم کرسکیں گے ۔

اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاء الرحمان ،جنرل سیکریٹری عبدالخالق رند کا کہنا تھا کہ کوئٹہ پریس کلب نے ہمیشہ عوامی مفادات میں اٹھائے گئے ہر اس اقدام کی حمایت اور اس عمل میں حصہ دیا ہے جس کا فائدہ براہ راست کوئٹہ شہر کے عوام کو پہنچے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ پریس کلب جہاں دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کی معاونت کررہا ہے وہی ہم نے صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ حکومتی سطح پر طبی سہولیات کی فراہمی عوام کا آئینی و بنیادی حق ہے ۔

انہوں نے پی ایم اے کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب اس ضمن میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم چلائے گا اور جہاں پی ایم اے کے نمائندوں کو ہماری ضرورت ہوگی ہم ان کا ساتھ دیں گے ۔