|

وقتِ اشاعت :   January 29 – 2018

لاہور: پنجاب یونیورسٹی میں گزشتہ دنوں ہونے والی ہنگامہ آرائی اور ڈیپارٹمنٹس کو آگ لگانے اور توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں 25 طلباء کو یونیورسٹی کے ہاسٹلز سے نکال دیاگیا ہے جبکہ یونیورسٹی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی میں ملوث تمام طلباء پر انسداد دہشتگردی کی دفعات بھی ختم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے بتایاگیا ہے کہ ان طلباء کو ہاسٹلز سے نکالنے کی ہدایات پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ز نے جاری کیں تھیں ۔

اس حوالے سے پنجاب یونیورسٹی چیئرمین ہال کونسل ڈاکٹر عابد حسین کی جانب سے جاری کئے گئے مراسلے کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر 18 سے طالبعلم عالمگیر خان، عامر عباس بلوچ اور ابوذر احمد ضیائی کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی ہے ۔

نیو کیمپس کے ہاسٹل نمبر ایک سے طالبعلم عارف خان، پائدین خان، داؤد خان، راحت علی، مفاذ احمد اور معاذ اکرم کو ہاسٹل سے نکال دیا گیاجبکہ یونیورسٹی نے ہاسٹل نمبر ایک سے ہی کیمیکل انجینئرنگ کے ریحان خان، فلسفہ کے حیات اللہ اور ماؤنٹین ریسرچ کے عارف کاکڑ کو بھی ہاسٹل سے نکال دیا ۔

توڑ پھوڑ میں ملوث ہاسٹل نمبر 3 سے شعبہ سیاسیات کے طالبعلم دولت خان، ہاسٹل نمبر 4 سے انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے احمد خان، شعبہ جیالوجی کے صائم اللہ خان کو بھی نکال دیا گیاجبکہ ہاسٹل نمبر 8 سے ہدایت اللہ، مقبول لہڑی اور ہاسٹل نمبر 15 سے انیب افضل کی بھی روم الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی ہے اور اسی طرح ہاسٹل نمبر 17 سے طالبعلم اسفند یار خان، ذیشان احمد اور اشرف خان کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔