|

وقتِ اشاعت :   January 29 – 2018

 اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی گئی۔

 اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے مدعی عدنان اقبال کی درخواست کی سماعت کی جس میں نواز شریف، مریم نواز، الیکٹرانک میڈیا کے نگراں ادارے  پیمرا اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پاناما فیصلے میں نااہل قرار پانے اور وزارت عظمیٰ سے برطرفی کے بعد نواز شریف اور مریم نواز عدالتوں کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں۔ دونوں سیاسی رہنماؤں نے کوٹ مومن جلسے میں اور پنجاب ہاوٴس میں عدلیہ مخالف تقاریر کیں۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ نواز شریف اور مریم نواز کے خطابات اور بیانات توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں، عدالت سے گزارش ہے کہ دونوں فریقوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔