|

وقتِ اشاعت :   January 29 – 2018

کابل: افغان دارالحکومت میں ملٹری اکیڈمی پر مسلح افراد کے حملے میں 11فوجی ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے، افغان فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو گرفتار تین کو ہلاک کردیاجبکہ دو نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

افغان وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ دارالحکومت کابل میں مارشل فہیم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پر 5 عسکریت پسندوں نے صبح سویرے حملہ کیا۔ ترجمان دولت وزیری کے مطابق پہلے حملہ آور نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد دیگر حملہ آوروں نے فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم کوئی بھی حملہ آور اکیڈمی کے پہلے گیٹ سے آگے نہیں جا سکا۔ سیکیورٹی فورسز نے حملے کا فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے 2 حملہ آوروں کو ہلاک کیا ایک کو گرفتار کیا جبکہ دوحملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیاا۔

افغان فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلہ تقریباً 5 گھنٹے تک جاری رہا جس میں کیاوہ فوجی ہلاک اور16 زخمی ہوئے، افغان فورسز جوابی کارروائی میں پانچ دہشتگردوں میں سے ایک کوگرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی دو نے خود کو دھماکے سے اڑالیا اور دوکو ہلاک کردیا گیا، حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔

واضح رہے کہ مارشل فہیم ڈیفنس یونیورسٹی افغانستان کی مرکزی ملٹری اکیڈمی ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں بھی ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ڈیفنس یونیورسٹی کے کیڈٹس کی بس سے ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔