|

وقتِ اشاعت :   January 29 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے سابق اسپیکر محمد اسلم بھو تانی نے محکمہ فشریز میں بھر تیوں کے حوالے سے شائع ہونیوالے اشتہار پر اپنے تحفظات کا اظہار کر تے ہوئے وزیراعلی بلوچستان اور محکمہ فشریز کے وزیر سے ان آسامیوں پر گوادر اور لسبیلہ کے عوام کو ان کا جائز حق دینے کا مطالبہ کر تے ہوئے نظر ثانی کی اپیل کی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں محمد اسلم بھو تانی نے کہا ہے کہ کل170 مجموعی طور پر آسامیاں مشتہر ہوئی ہیں جس میں لسبیلہ ضلع کو صرف 2 اور گوادر کو15 آسامیاں دی ہیں جوکہ سر اسر نا انصافی ہے جبکہ محکمہ فشریز کی اصل روح ساحل سمندر ہے جو گڈانی سے جیونی تک1100 کلو میٹر پر محیط ہے اور اس ساحل کی وجہ سے فشریز محکمہ کے وجود ہے اور ساحل لسبیلہ اور گوادر کے اضلاع پر محیط ہے ۔

سابق اسپیکر نے امید کا اظہار کیا ہے کہ نئے وزیراعلی اس فیصلے پر نظر ثانی ضرور کریں کیونکہ انہیں یقین ہے محکمہ فشریز کی ان آسامیوں کی تقسیم گزشتہ دورمیں کی گئی ہونگی جس میں لسبیلہ کو یکسر نظرانداز کیا گیا ہے۔