کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے گزشتہ روز سوری ہاؤس کوئٹہ میں سابقہ صوبائی صدر قاسم سوری کی جانب سے دئیے گئے ظہرآنے میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے صوبے میں پاکستان تحریک انصاف الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گی اور پورے صوبے میں انشاء اللہ کامیابی حاصل کریں گے ۔
الیکشن کے سلسلے میں جلد پورے صوبے میں انتخابی مہم کا آغاز کیا جائے گا پہلے مرحلے میں ساؤتھ بلوچستان ، پھر نارتھ بلوچستان ، ایسٹ اور ویسٹ بلوچستان کے تمام اضلاع میں سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا پاکستان تحریک انصاف اس وقت بلوچستان کی عوام میں سب سے مقبول جماعت ہے آنے والا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہے جس طرح پاکستان تحریک انصاف نے عوام میں شعور پیدا کیا انشاء اللہ بلوچستان کی عوام کرپٹ عناصر کو بری طرح مسترد کرے گی ۔
پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک بہتر پالیسی دیں گی اور بلوچستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے کہ وہ بلوچستان اور بلوچستان کی عوام کی خدمت کرسکیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے بلوچستان کے تمام وسائل بلوچستان کی عوام پر خرچ ہوگے اور بلوچستان کی ترقی کے لئے نوجوانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی مختلف اضلاع میں ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر بنائیں گے اور بیروزگار نوجوانوں کو بہترین ٹیکنیکل تعلیم فراہم کریں گے ۔
اس موقع پر مرکزی نائب صدر نوابزادہ شریف جوگیزئی، سردار خادم وردگ، لالہ خدائے نور، باری بڑیچ، بسم اللہ آغا ، قربان غرشین ، اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات بابر یوسفزئی بھی موجود تھے۔
بلوچستان میں جلد انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، یار محمد رند
وقتِ اشاعت : January 30 – 2018