کراچی: ڈیفنس کے علاقے میں گھر سے صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ملی ہیں۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک گھر سے صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی لاشیں ملی ہیں۔ صوبائی وزیر کے پرائیوٹ سیکریٹری اللہ ورایو نے تصدیق کی ہے کہ میر ہزار خان بجارانی مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ کمشنر کراچی نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی وزیر کے بنگلے میں فائرنگ کی آواز سنی جس پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پڑوسی باہر نکل آئے۔
میر ہزار خان بجارانی کے ملازمین نے ان کے کمرے میں جاکر دیکھا تو اندر صوبائی وزیر اور ان کی اہلیہ کی لاشیں پڑی تھی۔ ملازمین نے فورا ہزار خان بجارانی کے بیٹے کو اطلاع دی جس پر لواحقین موقع پر پہنچے اور لاشوں کو دیکھنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی۔
میر ہزار خان بجارانی کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے اور معاملے کی تحقیقات کے لئے پولیس جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزرا بھی میر ہزار خان بجارانی کے گھر پہنچ گئے۔
صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت منظور وسان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ قتل ہے یا خودکشی اس کا فیصلہ تحقیقات سے ہوگا، وہ کل کابینہ میں میرے ساتھ تھے اور بہت خوشگوار موڈ میں تھے، ہمارے درمیان ہنسی مذاق بھی ہورہا تھا، ایسا آدمی خودکشی کر ہی نہیں سکتا۔
میر ہزار خان بجارانی کا تعلق کرم پور تعلقہ تنگوانی ضلع کشمور کندھ کوٹ سے تھا۔ مرحوم پی ایس 16 جیکب آباد سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور سندھ کے وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ تھے۔ میر ہزار خان بجارانی وزیر تعلیم اور وزیر صنعت و پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔ میر ہزار خان بجارانی 1947 میں پیدا ہوئے اور انہوں نے لواحقین میں ایک بیوہ، 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ میر ہزار خان بجارانی کی اہلیہ فریحہ رزاق بھی 2002 سے 2007 تک خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی رہ چکی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیرمین آصف زرداری، ان کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدمے کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں، میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی ناگہانی موت کی افسوسناک خبر دل دہلا دینے والی ہے۔ بلاول بھٹو نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو معاملے کی تحقیقات کر کے فوری رپورٹ دینے کا حکم دیا۔ آصف زرداری نے حکومت سندھ پر زور دیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
چیرمین سینیٹ رضاربانی، اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید، سینئر سیاست دان لیاقت جتوئی، چیئرمین پی ایس پی سید مصطفی کمال، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی موت پر رنج کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہاز شریف نے ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میر ہزار خان بجارانی اور ان کی بیوی کی اچانک ہلاکت کا سن کر حیرانی ہوئی، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے۔
تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے میں کہا کہ ان کے دوست میر ہزار خان بجارانی اور فریحہ رزاق کی ہلاکت کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا۔