|

وقتِ اشاعت :   February 1 – 2018

کوئٹہ : نقیب اللہ محسود کے قتل میں ملوث راؤ انوار کی عدم گرفتاری کے خلاف کراچی کے بعد کوئٹہ میں بھی محسود قبائل سراپا احتجاج۔

تحریک انصاف بلوچستان اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے ساتھ ملکر محسود قبائل کے لوگوں کے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیااحتجاجی مظاہرے سے ملک نور محمد محسود، محمود محسود، نور جمال محسود، احمد خان محسود، تحریک انصاف کے نور محمد دمڑ، ظہور آغا اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے مطیع اللہ کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نقیب اللہ محسود سمیت درجنوں جعلی پولیس مقابلوں میں پاکستانیوں کا قاتل راؤ انوار لاپتہ نہیں مبینہ طور پر آصف علی زرداری کی پناہ میں ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بحیثیت پولیس آفیسر راؤ انوار کی ذمہ داری عوام کے جان و مال کے تحفظ، کراچی میں قیام امن کو یقینی بنانا تھا مگر ملزم نے ایک سیاسی جماعت کے مفادات اور کراچی شہر میں اس کے اثر و رسوخ کو برقرار رکھنے کیلئے سینکڑوں ماؤں سے انکے بیٹے چھینے ہیں۔

محسود قبائل کے عمائدین کا خطاب کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں قبائلی عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں کہیں ہمیں امریکی ڈرون سے نشانہ بنایا جاتا ہے تو کہیں داڑھی اور پگڑی پر ہماری تذلیل کی جاتی ہے ۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام محب وطن ہیں ملکی استحکام کیلئے ہمارے لوگوں نے ہزاروں کی تعداد میں جام شہادت نوش کیا ہے۔انہوں نے عدالت عالیہ سے مطالبہ کیا کہ معزز عدالت انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے سینکڑوں افراد کے مبینہ قتل میں ملوث راؤ انوار کی گرفتاری کو یقینی بنا کر نقیب اللہ محسود سمیت محسود قبائل کو انصاف فراہم کرے۔