نیو یارک: امریکا میں پاکستانی سفیراعزازچوہدری کا کہنا ہے کہ امریکا سے برابری اوراحترام کے ساتھ بہترتعلقات چاہتے ہیں اورپاک امریکا تعلقات میں تعطل بہت بڑی غلطی ہوگی۔
امریکا میں پاکستانی سفیراعزازچوہدری نے امریکی ریڈیوکوانٹرویودیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورامریکا 70 سال سے ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہیں، دونوں ملکوں نے جب بھی مل کرکام کیا توفائدہ ہوا، امریکا سے برابری اوراحترام کے ساتھ بہترتعلقات چاہتے ہیں اورپاک امریکا تعلقات میں تعطل بہت بڑی غلطی ہوگی۔
اعزازچوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان مسائل میں گھرا ہوا ملک ہے، افغانستان میں گورننس، کرپشن، منشیات، مافیا کی بھرمارہے، افغانستان میں بدامنی سے پاکستان متاثرہورہا ہے، افغانستان میں ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں، افغانستان میں امن چاہتے ہیں جب کہ افغانستان میں کچھ بھی ہواس کا الزام پاکستان پرلگا دیاجاتا ہے۔ اعزازچوہدری کا کہنا تھا کہ افغان حکومت تمام اسٹیک ہولڈرزکومذاکرات میں شریک کرے جب کہ افغان طالبان کوبھی مذاکرات کی میزپربیٹھنا چاہیے۔
امریکا میں پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اورشدت پسندی کسی صورت قبول نہیں، پاکستانی فورسزنے دہشتگردوں کے خلاف گھیراتنگ کردیا جس کے بعد پاکستان سے دہشتگرد فرارہورہے ہیں۔