کوئٹہ : عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس چیئرمین و صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی صدارت میں پارٹی کے بزرگرہنماء عنایت اللہ خان کے رہائش گاہ منعقد ہوا جس میں بورڈ کے اراکین ڈاکٹر عنایت اللہ خان ، نواب ارباب عبدالظاہر کاسی ، انجینئر زمرک خان اچکزئی ، نظام الدین کاکڑ نے شرکت کی ۔
اجلاس میں سینیٹ انتخابات بارے غور و خوض ہوا اور اتفاق رائے سے خواتین کی نشست کے لئے زرینہ کاسی ، جنرل نشست کے لئے نظام الدین ، ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لئے ملک امین اللہ کاکڑ ایڈووکیٹ کو پارٹی ٹکٹ جاری کئے گئے ۔
دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی قائد اسفندیار ولی خان پشاور کے لئے روانہ ہوگئے ۔ ائیرپورٹ پر پارٹی کے صوبائی مرکزی رہنماؤں نے انہیں رخصت کیا ۔ علاوہ ازیں باچاخان مرکز سے جاری کردہ صوبائی بیان میں پشتو سٹیج اداکارہ سنبل کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ خیبر پشتونخواکی مثالی پولیس کے دعوے صرف اخبارات اور میڈیا تک محدود ہیں ۔
مردان میں مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور بچیوں کے ساتھ زیادتی پر صوبائی حکومت کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے ۔ بیان میں واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا ۔
سینیٹ انتخابات ،اے این پی نے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا
وقتِ اشاعت : February 4 – 2018