|

وقتِ اشاعت :   February 5 – 2018

قصور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری قوم سےمعافی مانگیں اوراپنی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں۔

قصور میں زیادتی کا نشانہ بننے والی بچیوں کے والدین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ زینب کے قاتل عمران کو پکڑنے میں پولیس نے دن رات کام کیا، 1400 ڈی این اے سیمپلز میں 1108ویں نمبر کا سیمپل میچ کر گیا اوردرندہ پکڑاگیا، دیگر سات بیٹیوں کے خاندان کےساتھ ملنے کے لئے آیا ہوں، زیادتی کی شکار بچیوں کے والدین سے نظریں نہیں ملا سکتاتھا، زیادتی کی شکار بچیوں کے والدین سے معافی مانگی ہے، زیادتی کے بعد قتل کی گئی بچیوں کے نام سے اسکول قائم کریں گے۔ انہوں نے متاثرین کو کہا ہے اگر کسی ذمہ دار نےاس معاملے میں کوتاہی کی ہے تو کمیٹی کو بتائیں۔

وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم صحت کے شعبے میں نئی سوچ لےکر آرہے ہیں، ماضی میں مشینیں خراب ہوتی تھیں اورمریض کو باہر بھیج دیا جاتا تھا، یہ گورکھ دھندا اب بند ہوا چاہتا ہے، پنجاب کے مختلف علاقوں میں54 موبائل اسپتال لارہے ہیں ، ڈی ایچ کیو اسپتالوں میں 700الٹرا ساؤنڈ مشینیں لارہے ہیں، سی ٹی اسکین بنانے والی کمپنیاں خود مشین لگائیں گی اور چلائیں گی، مریضوں کے سی ٹی اسکین بالکل مفت ہوں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے دونوں ہاتھوں سے قومی دولت لوٹی، وہ قوم سے معافی مانگیں اوراپنی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں، لوٹی ہوئی دولت ہم لے کر آئیں گے تو پھر آصف زرداری کو کہیں جگہ نہیں ملے گی، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کاش چارسال دھرنوں اور لاک ڈاون میں ضائع نہ کئے ہوتے اور کے پی میں عوام کی خدمت کی ہوتی۔