پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر جوش وجذبہ سے منایاگیا۔بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں،کانفرنسزودیگر تقریبات کا انعقاد کیاگیا جہاں سیاسی جماعتو ں کے قائدین نے کشمیرکا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کی مطابق حل کرنے پر زور دیا ۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور قبضے کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں گزشتہ روز یکجہتی کشمیر منایا گیا۔کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر سمیت ملک بھرمیں ریلیاں نکالی گئیں۔ دنیا بھر کے کئی ممالک میں یوم یکجہتی کشمیر جوش وخروش سے منایا گیا جب کہ پاکستان میں سرکاری تعطیل رہی، تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے اور بازار بند رہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہرسال کی طرح کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، آزاد کشمیر میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔پاکستان بھر میں مختلف سیاسی اورمذہبی جماعتوں سمیت مختلف تنظیموں کی جانب سے مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز اور دوسری تقریبات منعقد کی گئیں جب کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق خصوصی دستاویزی فلمیں دکھائیں گئیں۔
پنجاب اسمبلی میں کشمیر کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، کئی ممالک میں قائم پاکستانی ہائی کمیشنز میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوا، کشمیریوں کے حق خودارادیت اور بھارتی فوج کے ظلم وستم پر روشنی ڈالی گئی جب کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر اور پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے کشمیریوں کی حمایت میں مظاہرے بھی ہوئے۔
دوسری جانب پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کا جبر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچل سکتا اور تمام تر مشکلات کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد آزادی انشاء اللہ کامیاب ہوگی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم یکجہتی کشمیر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام عالمی برادری کے جاگنے کا انتظار کررہے ہیں اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق استصواب رائے کے تحت اپنے مستقبل کا حل چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کشمیر پالیسی ہمارے سینوں میں محفوظ ہے اور اس معاملے پر پورا پاکستان متحد ہے۔مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور جموں و کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کشمیری قوم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مسلمان بھارتی مظالم برداشت کررہے ہیں، بھارت نے ہرحربہ آزمالیا لیکن کشمیریوں کا بچہ بچہ آزادی کی شمع لے کر آگے بڑھ رہا ہے۔
کشمیر کے مسئلے پر کبھی دو رائے نہیں رہی، کشمیر کے معاملے پر پورا پاکستان متحد ہے، پاکستان کے عوام کشمیر کے مسئلے پر متحد اور کشمیریوں کے ساتھ ہیں، سیاسی معاملات اپنی جگہ لیکن کشمیر کے معاملے پر ہمیں متحد رہنا چاہیے، اس معاملے پر ہم تقسیم ہوئے تو اس سے نقصان ہوگا،متحد ہونے سے کشمیر کا معاملہ آگے بڑھے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاک فوج اور کشمیری بہن بھائی ایل او سی پر قربانیاں دے رہے ہیں۔ پاک فوج نے انسداد دہشت گردی کی سب سے بڑی تاریخی جنگ لڑی ،پاک فوج کے 2لاکھ جوان یہ جنگ لڑ رہے ہیں اور اس میں ہم نے فتح حاصل کی، پاکستان مسئلہ کشمیرکا پرامن حل چاہتا ہے، حکومت پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیر کے لیے ہم 70 سال سے جنگ لڑرہے ہیں، ہم سیاسی، سفارتی اور ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کشمیر پالیسی ہمارے سینوں میں محفوظ ہے۔5فروری کو اہل پاکستان کی جانب سے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ بھر پوراظہار یک جہتی یہ بتانے کے لیے کافی ہے کہ ہم کل بھی کشمیریوں کے ساتھ تھے ، آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے تاوقتیکہ وہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی حاصل نہیں کرتے۔