کراچی : بلوچستان کے نامور سینئر صحافی، بزرگ دانشور اور روزنامہ بلوچستان ایکسپریس اور روزنامہ آزادی کوئٹہ کے ایڈیٹر صدیق بلوچ کے انتقال کے تیسرے روز بھی لیاری میں ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کیلئے سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا تانتا بندھا رہا۔
وفاقی وزیرپورٹ اینڈشپنگ میرحاصل بزنجو،سابق وفاقی وزیرنبیل احمد گبول،پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدرسعیدغنی،پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری جاویدناگوری،رکن قومی اسمبلی شاہ جہان بلوچ،سابق پولیٹیکل سیکریٹری وزیراعلی بلوچستان سیف الرحمن زہری،نیشنل بینک بلوچستان کے سابق ریجنل چیف امام بخش بلوچ،چیئرمین میونپل کارپوریشن حب رجب علی،بلوچ نیشنل پارٹی کے عثمان کوہ،یوسف مستی خان،سابق چیئرمین پالپا سہیل بلوچ،پی پی ساؤتھ کے صدرخلیل،پرنس محی الدین بلوچ، جماعت اسلامی گوادرکے رہنماسعیدبلوچ،چیئرمین ڈسٹرکٹ ساؤتھ کراچی میک فیاض،یوسی چیئرمین حبیب حسن،یوسی چیئرمین فہیم بلوچ،لالہ عثمان،رمضان بلوچ،بلوچ اتحادتحریک کے سربراہ عابدبروہی سمیت دیگرسیاسی وسماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے سینئرصحافی صدیق بلوچ کے انتقال پر تیسرے روز بھی لیاری میں ان کی رہائش گاہ پران کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
اس موقع پر سیاسی وسماجی شخصیات کا کہنا تھا کہ سینئر صحافی اور بزرگ دانشورصدیق بلوچ نے بلوچستان کے پسماندہ عوام اور پسے ہوئے طبقہ کے حقوق کیلئے آوازبلندکی۔صدیق بلوچ صحافت کادرخشاں ستارہ تھے۔سینئرصحافی اور بزرگ دانشورنے لیاری سمیت بلوچوں کے حقوق،بلوچستان کے لوگوں کودرپیش مسائل کو اپنے قلم کے ذریعے حکام بالاتک پہنچایاہے۔
سینئرصحافی صدیق بلوچ کی وفات سے بلوچستان اور لیاری کے عوام عظیم دانشور،مصنف اور قلم کارسے محروم ہوگئے ہیں۔ان کی ناگہانی موت سے شعبہ صحافت میں خصوصا بلوچستان اور لیاری کے مسائل کواپنے قلم کے ذریعے اجاگرکرنے والے شخص سے عوام محروم ہوگئے ہیں۔
ملکی سیاسی وسماجی شخصیات نے بزرگ دانشوراور سینئرصحافی صدیق بلوچ کی خدمات کوسراہتے ہوئے کہا کہ شعبہ صحافت میں صدیق بلوچ کی خدمات کوفراموش نہیں کیاجاسکتا۔صدیق بلوچ کی خدمات کوہمیشہ یادرکھاجائے گا۔سماجی شخصیات اور لیاری کے عوام نے حکام بالاسے مطالبہ کیا کہ بزرگ دانشوراور صحافی صدیق بلوچ کی خدمات کو مدنظررکھتے ہوئے ان کے نام سے لیاری میں اسکول،یونیورسٹی،لائبریری یاسڑک کوان کے نام سے منسوب کیاجائے۔
دریں اثناء چیئرمین میونسپل کمیٹی ساؤتھ کراچی ملک فیاض بٹ کی جانب سے کے ایم سی اسکول ریکسرلائن لیاری کو بلوچستان کے نامورسینئرصحافی صدیق بلوچ کے نام سے منسوب کردیاگیاہے۔