|

وقتِ اشاعت :   February 11 – 2018

کابل: افغان صدرڈاکٹر اشرف غنی نے کہا ہے کہ جس طرح پاکستان میں وکلا کی تحریک کامیاب ہوئی تھی توقع ہے کہ اپنے علاقے میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں پشتون بھی کامیاب رہیں گے ۔

امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق صدر اشرف غنی نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ جس طرح پاکستان میں وکلا کی تحریک کامیاب ہوئی تھی، انہیں توقع ہے کہ اپنے علاقے میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں پشتون بھی کامیاب رہیں گے ۔

صدر غنی نے اس معاملے پر کئی ٹویٹس کیے اور کہا ہے کہ وہ پاکستان میں تاریخی پشتون لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، جس کا بنیادی مقصد خطے میں بنیاد پرستی اور دہشت گردی کے خلاف لوگوں کو متحرک کرنا ہے۔انہوں نے ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ پشتونوں کی شکایات اور مطالبات سامنے لا کر دنیا کے سامنے اس کی ایک حقیقی تصویر پیش کریں۔

کراچی میں پچھلے مہینے پولیس کے ہاتھوں ایک مبینہ جعلی مقابلے میں ایک قبائلی نوجوان نقیب اللہ کی ہلاکت کے بعد قبائلی علاقوں میں رہنے والے ہزاروں پشتونوں نے انصاف کے حصول اور انہیں دبانے کے رویوں کے خلاف احتجاج کیا۔اپنے مطالبات کے حق میں انہوں نے اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا۔اسلام آباد کا دھرنا نقیب اللہ محسود کے قتل میں ملوث پولیس کے اعلی عہدے دار را انوار کی گرفتاری کے مطالبے سے شروع ہوا تھا۔