|

وقتِ اشاعت :   February 12 – 2018

کوئٹہ : سینیٹ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جنرل نشستوں پر تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی،15امیدواروں میں سے کسی کے بھی کے کاغذات پر اعتراض دائر نہیں کیا گیا ۔

صوبائی الیکشن کمشنر نعیم مجید جعفر کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے اتوار کو جنرل نشستوں پر کاغذات جمع کرنے والے 15 امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی۔

اتوار کو مشیر اطلاعات انوار الحق کاکڑ ،حسین اسلام ،محمد یوسف خان کاکڑ ،سردار شفیق ترین کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی مذکورہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض داخل نہیں ہوا ۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری دن ہے آج ٹیکنوکریٹ /عالم اور خواتین نشستوں پر جمع ہونیوالے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی ۔

دریں اثناء سینٹ کی 52نشستوں پر 3مارچ کو ہونے والے انتخابات میں چاروں صوبوں سے حصہ لینے والے امیدوارں کی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آج (پیر )تک مکمل ہوجائے گا جبکہ فاٹا کی چاروں نشستوں پر 12فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

ادھر تحریک انصاف نے اسحاق ڈار کے سینٹ میں کاغذات نامزدگی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کررکھا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق آج پیر کے روز 3مارچ کو سینٹ کے ہونیوالے انتخابات کے لئے چاروں صوبوں سے حصہ لینے والے امیدواروں کی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہوجائے گی جس میں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی سمیت کئی امیدواروں کی کاغذت نامزدگی شامل ہے جبکہ تحریک انصاف نے اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کر رکھا ہے ۔

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سے ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشت پر 8امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ان 2نشتوں پر اب کاغذات جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا ہے جبکہ جنرل نشت پر بھی 5امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ان میں مسلم لیگ ن کی جانب سے اسد جونیجو فرید حسین اور چوہدری عاطف فضل پیپلزپارٹی کی جانب سے راجہ عمران افضل، پی ٹی آئی کی جانب سے کنول شازیب شامل ہیں۔

ٹیکنوکریٹ کی نشت پر مسلم لیگ ن کے مشاہد حسین سید اور ڈاکٹر طاہر محمود جبکہ پی پی پی کے راجہ شکیل عباسی کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں فاٹا کی چاروں نشستوں پر 12فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں ۔

اب تک چار امیدوار شمیم آفریدی،ہدایت اللہ،ساجد طوری،اور مراز محمد نے کاغذات جمع کرائے ہیں پنجاب میں سینیٹ کی 12نشستوں پر 34امیدوار مد مقابل ہیں پنجاب میں 7جنرل، 2خواتین کی مخصوص ،2علماء و ٹیکنوکریٹ اور غیر مسلموں کی ایک مخصوص نشت شامل ہیں ۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود رشید نے اسحاق ڈار کے سینٹ میں کاغذات نامزدگی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا ہے اور موقف اختیار کیا کہ اسحاق ڈار نیب کے اشتہاری ہیں اور ان کی جائیداد فروغ کرنے پر پابندی عائد ہیں ۔

سپریم کورٹ میں اسحاق ڈار کے خلاف منی لانڈرنگ اور ناجائز اثاثہ جات بنانے سے متعلق کیس زیر سماعت ہیں کاغذات نامزدگی پر جو دستخظ اور ان کے ہمراہ جمع کرائے جانے والے دستاویزات بھی جعلی ہیں اسحاق ڈار نے ایک ہی بینک اکاؤنٹ پر 2کاغذات نامزدگی جمع کرائے جو کہ غلط ہیں اسحاق ڈار کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکا جائے اور کاغذات نامزدگی مسترد کیا جائے