|

وقتِ اشاعت :   February 18 – 2018

 کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار نے انٹراپارٹی الیکشن میں باغی ارکان کو باہر کردیا۔

 ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار گروپ کے انٹراپارٹی الیکشن آج ہورہے ہیں۔ الیکشن کے لیے پولنگ کراچی اور حیدرآباد میں ہوگی اور پولنگ کا وقت دوپہر ایک بجے سے شام 6 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ الیکشن میں کنوینئر، ڈپٹی کنوینئرز، رابطہ کمیٹی اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سمیت دیگر عہدوں کے لئے افراد کا انتخاب کیا جائے گا۔

ایم کیو ایم کے کارکنان پولنگ کے ذریعے رابطہ کمیٹی کے 35 اراکین اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے 40 سے زائد ممبران کا انتخاب کریں گے۔ رابطہ کمیٹی اراکین میں جس رکن نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے وہ کنونیر شپ یعنی پارٹی کی سربراہی سنبھالے گا۔ الیکشن کے نتائج کا اعلان رات کو پریس کانفرنس میں کیا جائے گا اور نتیجہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرایا جائے گا۔

 

ڈاکٹرفاروق ستارنے انٹراپارٹی الیکشن میں باغی ارکان کو انتخاب سے باہر کردیا۔ انٹراپارٹی الیکشن میں رابطہ کمیٹی کے لیے 35 امیدوار حصہ لیں گے، جن میں خواجہ سہیل منصور، قمر منصور، مزمل قریشی، علی رضا عابدی ، شاہد پاشا، ساجد احمد، صلاح الدین شیخ کے نام بالتریب موجود ہیں۔

بیلٹ پیپرزمیں رہنما عامرخان اور خالد مقبول صدیقی کا نام موجود نہیں جب کہ کنور نوید جمیل، نسرین جلیل اور وسیم اخترسمیت تمام ارکان مائنس کردیے گئے۔ انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے ڈاکٹر فاروق ستار تمام تر مخالفت کے باوجود کامران ٹیسوری کو بھول نہ سکے، بیلٹ پیپر میں پہلا نام فاروق ستار اور دوسرا نام کامران ٹیسوری کا درج ہے۔

دوسری جانب سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخاب میں بھی مخالف باہر کردیے گئے، سی ای سی کے لیے احسن غوری اور نازیہ علی سمیت 38 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔