|

وقتِ اشاعت :   February 18 – 2018

واشنگٹن:  امریکا کے محکمہ خارجہ کی ترجمان نے عندیہ دیا ہے کہ پاکستان میں منی لانڈرنگ قوانین میں سختی اور انسداد دہشت گردی کے خاتمے کے لیے غیر موثر حکمت عملی ہونے کی وجہ سے امریکا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) میں پاکستان کو عالمی دہشت گردی کی فنانسنگ فہرست میں شامل کرنے کی قرارداد پیش کرے گا۔

پاکستان کے خلاف امریکی قرارداد کو برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی حمایت بھی حاصل ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکہ کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ اگلے ہفتے پیرس میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں قرارداد پیش کی جائیگی جس میں پاکستان کو عالمی دہشت گردی کی فنانسنگ کی فہرست میں شامل کیا جائیگا۔

کیا امریکا نے قرارداد ایف اے ٹی ایف میں داخل کردی ہے؟ اس سوال پر انہوں نے بتایا کہ وہ اس امر کی تصدیق یا تردید نہیں کر سکتیں کیونکہ ایف اے ٹی ایف کے امور انتہائی نجی نوعیت کے ہوتے ہیں لیکن یہ واضح کروں کہ عالمی ممالک پاکستان کے حوالے سے تحفظات کا شکار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بنیادی طور پر عالمی کمیونٹی کو حکومت پاکستان میں جاری منی لانڈرنگ اور دہشت گردی سمیت دیگر مذموم سرگرمیوں سے متعلق غیر موثر اقدامات پر طویل عرصیسے سخت تحفظات ہیں۔