ماسکو: روس میں گرجا گھر پر داعش کے حملے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے خطے داغستان کے شہر كيزليار میں ایک مسلح شخص نے آرتھوڈوکس چرچ پر فائرنگ کی۔ حملہ آور ایک خنجر اور رائفل سے لیس تھا۔ حملے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والی تمام خواتین تھیں جب کہ زخمیوں میں 2 پولیس افسر شامل ہیں۔
حملہ آور نے اللہ اکبر کا نعرہ لگاکر چرچ کے باہر موجود افراد پر فائرنگ کی۔ ملزم نے گرجا گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چرچ کے دروازے بند کردیے جس کی وجہ سے وہ اندر داخل نہ ہوسکا ورنہ اس سے بھی زیادہ جانی نقصان ہوسکتا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر روسی سیکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔
ملزم کی عمر 22 سال تھی تاہم اس کی شناخت جاری نہیں کی گئی ہے۔ شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہ حملہ آور ان کی خلافت کا سپاہی تھا جس کا نام خلیل الداغستانی ہے۔ داعش نے واقعے سے قبل ریکارڈ شدہ حملہ آور کی ویڈیو بھی جاری کی جس میں وہ داعش کے جھنڈے کے ساتھ بیٹھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ روس داعش کے خلاف شام میں فوجی آپریشن کر رہا ہے۔