|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2018

لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے مسلم کمیونٹی کی دعوت پر تقریب ’میری مسجد کا دورہ کریں‘ میں حجاب پہن کر شرکت کی جس کا مسلم کمیونٹی نے خیر مقدم کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے برٹش مسلم کونسل کے زیرِاہتمام ہونے والی  تقریب ’’ میری مسجد کا دورہ کریں‘‘ میں شرکت کی جس میں انہوں ںے حجاب اوڑھ رکھا تھا۔ تقریب میں لندن کے میئر صادق خان اور لیبر پارٹی کے سربراہ جیرمی کوربن سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب کی منتظم برٹش مسلم کونسل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم تھریسامے کی باحجاب تصاویر شائع کی ہیں، جس میں وہ برطانیہ کے جنوب مشرق میں واقع کاؤنٹی برکشائر کی میڈن ہیڈ مسجد میں خطاب کر رہی ہیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس ایک قیمتی موقع ہے کہ اسلام کے حوالے سے درست معلومات حاصل کر سکوں اور اس بات کی یقین دہانی  کروں کہ اسلام سلامتی کا مذہب ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں 2015ء سے ہرسال بین المذاہب مکالمے کو مضبوط بنانے کے لیے تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے اور برطانیہ کے مختلف علاقوں کی مساجد کو ملک میں رہنے والے دیگر مذاہب کے لوگوں کے لیے کھول دیا جاتا ہے۔

مسلم برٹش کونسل کے سیکریٹری جنرل ہارون خان کا کہنا ہے کہ اس سال ایونٹ کے تحت برطانیہ میں سب سے زیادہ (200 سے زائد) مساجد کے دروازوں کو دیگرمذاہب کے افراد کے لیے کھولا گیا ہے۔