|

وقتِ اشاعت :   February 19 – 2018

کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند کی زیر صدارت صوبائی کابینہ ، مرکزی عہدیداران ، ریجنل صدور و سیکرٹری جنرل ، ضلعی ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس کوئٹہ میں ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر بلوچستان سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ آنے والے الیکشن کی بھرپور تیاری کریں گے اور انشاء اللہ پوری تیاری کے ساتھ الیکشن میں حصہ لیں گے پاکستان تحریک انصاف اس وقت امید کی آخری کرن ہے ۔

پاکستان کی عوام کی امیدیں چیرمین عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ ہیں عمران خان ایک محب وطن رہنما ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کا ہر کارکن مادر وطن پر اپنی جان قربان کرنے کے لئے تیار ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام خود دار اور محب وطن ہے بلوچستان کی عوام اب کسی کے بہکاوے میں نہیں آئے گی انشاء اللہ آنے والے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر صوبے میں حکومت بنائیں گے۔

بلوچستان کی عوام کو قوم پرست و مذہب پرست جماعتوں نے ہمیشہ پسماندہ رکھا بلوچستان کی عوام کے لئیے بہتر پالیسی دیں گے اور بلوچستان کو ترقی اور خوشحال بناکر دم لیں گے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری عوام کو بیوقوف بنانا چھوڑ دیں نواز شریف پاکستان کی عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں وہ ہر جگہ جاکر پوچھتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا انہیں پاکستان کی عوام سے جھوٹ بولنے اور ملکی دولت لوٹنے پر نااہل کیا گیا نواز شریف عوام سے جھوٹ بولنا چھوڑ دے انہیں اقامہ پر نہیں بلکہ ملکی دولت لوٹنے اور پانامہ کیس میں مجرم ثابت ھونے پر نکالا گیا ۔

اسی طرح کچھ لوگ بلوچستان کی عوام کو پیسے کا لالچ دے کر بیوقوف بنانا چاہتے ہیں بلوچستان کی عوام ماضی میں ان کی سابقہ کارگردگی سے بخوبی آگاہ ہے ان کا کہنا تھا کہ فروری سے بلوچستان کے مختلف اضلاع کا دورہ کروں گا انشاء اللہ 24 فروری کو سبی میں جلسے سے پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کا آغاز کروں گا ۔

پہلے مرحلے میں قلعہ عبداللہ ، ہرنائی، اور شیرانی میں عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے اس کے بعد دالبندین ، نوشکی ، اور خاران میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا انہوں نے تمام اضلاع میں ممبر سازی کیمپ لگانے کی ہدایت کی آخر میں تمام عہدیداروں اور رہنماؤں نے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کو اپنے بھرپور اعتماد کا یقین دلایا۔