باجوڑ: ماموند کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 مبینہ خودکش حملہ آور ہلاک ہوگئے۔
باجوڑ ایجنسی میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام ہوگیا۔ سرکاری زرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے تحصیل ماموند کے علاقے گٹکی میں کارروائی کرتے ہوئے 2 خود کش حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ حکام کے مطابق خودکش بمبار افعانستان سے باجوڑ میں داخل ہوئے تھے اور ان کے پاس سے افعان سم بھی برآمد ہوئی۔
سیکورٹی اہلکاروں نے خفیہ اطلاعات ملنے پر چھاپا مارا تو ایک خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ دوسرا فائرنگ سے مارا گیا۔ دونوں خودکش بمباروں کی لاشیں ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال خار منتقل کر دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بمبار خودکش حملہ کرنے کے لیے ایجنسی ہیڈ کوارٹر خار کی طرف جانے والے تھے کہ فورسز نے کارروائی کی۔ ایک خود کش نے لیویز پر فائرنگ بھی کی تاہم جوابی کارروائی میں مارا گیا جبکہ دوسرے خودکش بمبار نے خود کو اڑا لیا۔
خود کش بمباروں کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔