اسلام آباد: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بھارتی چیف جسٹس نے کسی چور اچکے کے پارٹی صدر بننے سے متعلق سوالات اُٹھائے تھے لیکن راہول گاندھی یا مودی نے کوئی اعتراض نہیں کیا جب کہ یہاں کسی چور اچکے کا ذکر ہو مریم نواز کو لگتا ہے کہ ان کے والد کو کہا جارہا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ بھارتی چیف جسٹس کے ریمارکس پر نریندرا مودی اور راہول گاندھی نے کوئی اعتراض نہیں کیا اور نہ ہی اپنے چیف جسٹس کے ریمارکس کا برا مناتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا کہ چیف جسٹس نے ہمیں چور اچکے کیوں کہا، لیکن نہ جانے کیوں مریم نواز چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس پر برہم نظر آتی ہیں حالانکہ چیف جسٹس نے اُن کے والد نواز شریف کا نام تک نہیں لیا تھا۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایک عمومی بات کی تھی کہ کسی چور اچکے کو پارٹی کا صدر کیسے بنایا جا سکتا ہے؟ اس پر مریم نواز کو یہ کیسے یقین ہو گیا کہ یہاں اُن کے والد کو ہی مخاطب کیا جارہا ہے ؟ شاید مریم نواز کو یقین ہو چلا ہے کہ کہیں بھی کسی بھی چور اچکے کا ذکر ہوگا تو یہ ان کے والد کے بارے میں ہی ہوگا۔
واضح رہے کہ 15 فروری کو انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے تھے کہ اللہ نہ کرے کہ کوئی چور یا ڈکیت پارٹی کا صدر بن جائے کیوں کہ بحیثیت پارٹی صدر اپنے اراکین پارلیمنٹ سے وہ سارے کام کروائے گا جو خود کرنا چاہتا تھا اس طرح تو پورا نظام ہی ٹھپ ہو جائے گا، چیف جسٹس کے اس ریمارکس کو مریم نواز کی جانب سے عوامی جلسوں میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔