|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان میں سینیٹ کے انتخابات سے ایک امیدوار دستبردار ہوگیا۔ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی۔ تین مارچ کو 11نشستوں پر آزاد اور چھ جماعتوں کے 25امیدوار مد مقابل ہوں گے ۔

صوبائی الیکشن کمشنر اور سینیٹ انتخابات میں ریٹرنگ آفیسر نعیم مجید جعفر کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی واپس لینے کیلئے پیر 19فروری شام چار بجے کا وقت مقرر تھا۔

مقررہ وقت کے اختتام تک ٹیکنو کریٹ کی نشست پر نیشنل پارٹی کے ناظم الدین اپنی ہی جماعت کے میر طاہر بزنجو کے حق میں دستبردار ہوگئے اور کاغذات نا مزدگی واپس لے لئے ۔ اس کے علاوہ کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس نہیں لئے ۔ اس طرح سینیٹ انتخابات کا تیسرا مر حلہ بھی مکمل ہوگیا ۔

سینیٹ انتخابات میں بلوچستان سے 11نشستوں پر 3مارچ کو بلوچستان اسمبلی کی عمارت میں پولنگ ہوگی۔

گیارہ نشستوں پر مجموعی طور پر25امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ سات جنرل نشستوں پر 15امیدوار ،ٹیکنو کریٹ اور علماء کی دونشستوں پر 4امیدوار جبکہ خواتین کی دو نشستوں پر 6امیدوار مد مقابل ہیں ۔

جنرل نشستوں پر ن لیگ کے امیر افضل خان مندوخیل،نیشنل پارٹی کے کہدہ محمد اکرم،جمعیت علمائے اسلام کے مولوی فیض محمد، آزاد امیدوار محمد صادق سنجرانی،احمد خان ،محمد عبدالقادر ،علاؤ الدین،حکمران اتحاد کے نامزد کردہ آزاد امیدوار انوار الحق کاکڑ ،کہدہ بابر ،فتح محمد بلوچ ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے میر ہما یوں عزیز کرد ،عوامی نیشنل پارٹی کے نظام الدین کاکڑ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محمد یوسف خان کاکڑ اورسردار شفیق ترین ،آزادامیدوار حسین اسلام ،ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر نیشنل پارٹی کے محمد طاہر بزنجو، جمعیت علمائے اسلام کے کامران مرتضی ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ڈاکٹر مناف ترین ،مسلم لیگ ن کے نصیب اللہ بازئی ،خواتین کی دو نشستوں پر حکمران اتحاد کی حمایت یافتہ آزاد امیدوارشمع پر وین مگسی ،آزاد امیدوار ثناء جمالی ،جے یو آئی کی عذرا سید ،پشتونخوامیپ کی عابدہ عمر ،مسلم لیگ ن کی ثمینہ ممتاز اور نیشنل پارٹی کی طاہر ہ خورشید شامل ہیں ۔