کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں دو مبینہ دہشتگرد مارے گئے۔ سیکورٹی فورسز نے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق قلات اور خضدار کے درمیانی علاقے زہری میں تراسانی میں پیر کو ایف سی اور حساس ادارے نے کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کو گھیرے میں لیا۔ اس دوران فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو دو ملزمان مارے گئے جن کی شناخت فدا اور بہور کے نام سے ہوئی ہے۔ بعض ذرائع کے مطابق ان افراد کی شناخت ضیاء الرحمان عرف دلجان اور نورالحق عرف بنگل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ایک راکٹ لانچر، پانچ راکٹ گولے، دو کلاشنکوف بمعہ 335 کارتوس اور 3میگزین، دو عدد بارہ بور رائفلیں، ایک عدد پستول بمعہ 12کارتوس، ایک دوربین، ایک عدد ڈرون کیمرا،ایک واکی ٹاکی ، موبائل فون،دو موٹرسائیکلیں، سولر پینل، بیٹری اور دیگر اشیاء برآمد کی گئیں۔
خضدار میں سیکورٹی فورسز کیساتھ جھڑپ میں دو مسلح افراد ہلاک
وقتِ اشاعت : February 21 – 2018