|

وقتِ اشاعت :   February 21 – 2018

عمان: اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) نے جنگ زدہ ملک شام میں بمباری کے باعث بچوں کی مسلسل ہلاکتوں پر احتجاجاً ’’ خالی اعلامیہ ‘‘ جاری کیا ہے ۔

بین الاقوامی چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) نے شام کے مشرقی علاقے غوطہ میں بمباری کے نتیجے میں 39 بچوں کے جاں بحق ہونے پر بہ طور احتجاج خالی اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے آغاز پر مضمون کی جگہ  پر یہ سطر تحریر کی گئی ہے کہ ’کوئی الفاظ ان جاں بحق بچوں، ان کے ماں باپ اور پیاروں کو انصاف نہیں دلا سکتے‘۔ اس کے بعد پورا صفحہ خالی چھوڑ دیا گیا ہے۔ 

 یہ خالی اعلامیہ یونیسیف کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے اور نشریاتی اداروں کو جاری کرتے ہوئے اعلامیہ کے ساتھ ایک یادداشت بھی منسلک کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شام میں معصوم بچوں کی ہلاکتوں پر خالی اعلامیہ جاری کیا جا رہا ہے کیوں کہ کسی لغت میں وہ الفاظ موجود نہیں جو ایسے سانحات اور مظالم کو بیان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ گیرٹ کیپیلیرے نے بین الااقوامی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے دوران سب سے زیادہ نقصان بچوں کی ہلاکتوں کی صورت میں سامنے آتا ہے کیوں اس طرح ہمارا مستقبل منوں مٹی تلے دب جاتا ہے، ہمیں ایسے الفاظ نہیں مل رہے ہیں جو ان کرب ناک سانحات کا احاطہ کرسکتے ہوں۔

واضح رہے کہ شام کے مشرقی علاقے غوطہ میں اتحادی افواج کی بمباری کے نتیجے میں 127 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں 39  بچے بھی شامل ہیں جب کہ اس قبل بھی شام میں جاری خون آشام جنگ میں بچوں کی ہلاکتوں اور چند زخمی بچوں کی دل دہلانے والی تصاویر نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر جنگ بندی کے اقدامات کے لیے ٹرینڈ بھی چلایا گیا تھا جس میں عالمی رہنماؤں کو جنگ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا گیا تھا۔