|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان ہائی کورٹ کی جسٹس محترمہ جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر اور جسٹس جناب جسٹس ظہیرالدین کا کڑ پر مشتمل ڈویژنل بنچ نے صوبائی الیکشن کمیشن اور الیکشن ٹریبونل سے آزاد امیدوار حسین اسلام کی سینیٹ انتخابات کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

سینیٹ انتخابات کیلئے آزاد حیثیت میں کاغذات نامزدگی جمع کر نے والے آزاد امیدوار عبدالقادر کی جانب سے الیکشن ٹریبونل سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دئیے گئے۔

گزشتہ روز آزاد امیدوار کی حیثیت سے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے خواہش مند حسین اسلام کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار کی جانب سے اپنی تعلیمی اسناد کی نقولات عدالت اور صوبائی الیکشن کمیشن کے وکیل کو فراہم کر دی گئی جس کے بعد عدالت نے مذکورہ درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اس کے علاوہ سینیٹ انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کر نے والے عبدالقادر نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی جس کی بھی جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر اور جسٹس ظہیر الدین کا کڑ پر مشتمل بنچ نے سماعت کی ڈویژنل بنچ نے سماعت کے دوران فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے آج 23 فروری تک سماعت ملتوی کر دی۔