|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2018

 دبئی: پی ایس ایل تھری کے تیسرے میچ میں ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ جاری ہے۔

ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور سنیل نارائن نے کیا، لاہور قلندرز کی اوپننگ شراکت زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور پہلی وکٹ 32 رنز پر گرگئی۔ اس وقت وکٹ پر فخر زمان اور برنڈن مک کولم موجود ہیں جب کہ لاہور قلندرز نے 5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 39 رنز بنالیے ہیں۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے کیا، دونوں اوپنرز نے اننگز کا آغاز انتہائی پراعتماد اور جارحانہ انداز میں کیا اور 88 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم احمد شہزاد 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ ون ڈاؤن آنے والے صہیب مقصود صرف 4 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

کمار سنگاکارا نے ایک بار پھر شانداز کھیل کا مظاہرہ کیا اور پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں اپنی دوسری نصف سنچری اسکور کی، سنگاکارا نے 44 گیندوں پر 63 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے، کپتان شعیب ملک نے بھی 28 گیندوں پر 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تاہم وہ رن آؤٹ ہوگئے اور نصف سنچری مکمل نہ کرسکے۔ ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔

اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ  گزشتہ روز دبئی میں پی ایس ایل تھری کا رنگا رنگ آغاز ہوا تھا جس کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو شکست دے دی تھی۔