|

وقتِ اشاعت :   February 24 – 2018

کوئٹہ : محکمہ تعلیم میں تعیناتی کیلئے این ٹی ایس پاس اُمیدواروں کا شدید بارش کے باجود کوئٹہ پریس کلب کے باہر دھرنا جاری رہا ۔

یک ہفتے سے زاہد احتجاج پر بیٹھے افراد نے حکام بالا سے جلد تعیناتیوں کیلئے احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے اس موقع پر آل بلوچستان این ٹی ایس یوتھ ایکشن کمیٹی کے صوبائی صدر سیف الرحمان ترین، جنرل سیکرٹری خادم حسین و دیگرکہنا تھا کہ گھر کے واحد کفیل ہونے کے ناطے روزگار ملنا ہمارا حق ہے۔

موسم کی سختی بارش ہو یابرفباری ہمارے احتجاج کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے ۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان بھر سے آئے این ٹی ایس پاس اُمیدوار گذشتہ ایک ہفتے سے دھرنے پر بیٹھے ہیں صوبے بھر میں اساتذہ کی کمی کے باوجود محکمہ تعلیم نے گذشتہ تین سالوں سے ہماری تعیناتیوں کو روک رکھا ہے ان کا کہنا تھا کہ تعیناتیوں کے منتظر اُمیدواروں میں اکثر اپنی عمر کی بالائی حد عبور کرچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم ہمارے مطالبات تسلیم کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے وزیر تعلیم خود محکمہ میں آٹھ ہزار سے زائد آسامیاں خالی ہونے کا انکشاف کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے جائز مطالبات فوری تسلیم کرتے ہوئے تمام این ٹی ایس پاس اساتذہ کی تعیناتیوں کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ تعلیم کو احکامات جاری کرے تاکہ نوجوان اپنی تعلیمی خدمات سرانجام دے سکیں۔