اسلام آباد: چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ خدا کی قسم میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر از خود نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حکم دیا کہ دواؤں کی وہ قیمت متعین کی جائے جو عوام پر بوجھ نہ بنے اور ادویہ ساز کمپنیوں کے پاس از خود قیمت بڑھانے کا اختیار نہیں۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ خدا کی قسم میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، صرف چاہتا ہوں عوام کو دو وقت کی روٹی اور صاف پانی مل جائے، کسی سیاسی کیس کو ہاتھ لگا نا نہیں چاہتے، لیکن مجبوری ہے ہمیں وہ مقدمات بھی سننا پڑتے ہیں، میری خواہش ہے کہ عوام کو سستی ادویات ملیں، اب وقت آ گیا ہے کہ ملک کو کچھ دیا جائے، ہماری نیت بالکل صاف ہے، جس طرح مرضی چاہیں ہمارا امتحان لے لیں، تمام وکلا کو بھی کہتا ہوں ہماری مدد کریں۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ادویہ ساز کمپنیوں کے پاس از خود قیمت بڑھانے کا اختیار نہیں، ڈرگ پالیسی سے پہلے نگراں ادارہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کمپنیوں سے ملی ہوئی تھی، ڈریپ درخواستیں جان بوجھ کر زیر التواء رکھتی تھی، ملی بھگت کے تحت کمپنیوں کو عدالتوں سے ریلیف دلوایا جاتا رہا، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ڈرگ پالیسی کے مطابق ہی ہو سکتا ہے، تمام امور کی نگرانی خود سپریم کورٹ کرے گی، دیگر عدالتوں کو بھی گائیڈ لائن فراہم کریں گے، گائیڈ لائن کا مقصد بلاوجہ کے اسٹے آرڈر جاری کرنے سے روکنا ہے۔
ادویہ ساز کمپنیوں کے وکلا نے کہا کہ 2013ء میں ادویات کی قیمتوں میں 15 فیصد اضافہ ہوا، وزیراعظم کی ہدایت پر اضافہ واپس لے لیا گیا، پالیسی کی تحت 90 روز میں قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر فیصلہ کرنا ہوتا ہے، ڈریپ قیمتوں میں اضافہ پالیسی کے برخلاف کرتی ہے، ڈرگ پالیسی قیمتوں میں سالانہ اضافے کی بھی اجازت دیتی ہے، چند دن پہلے قیمتوں میں دس فیصد کمی کا حکم نامہ جاری کیا گیا۔
چیف جسٹس نے پوچھا کیا پرانی درخواستیں زیر التواء ہیں؟۔ ڈریپ حکام نے بتایا کہ کمپنیاں نامکمل درخواستیں دیتی ہیں اس لیے تاخیر ہوتی ہے، ڈریپ سے اضافہ 8 فیصد ملتا ہے، دوا ساز کمپنیاں عدالتوں سے زیادہ ریلیف لیتے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ڈیٹا فراہم نہ کرنے والی کمپنیوں کی فہرست فراہم کریں تمام حکم امتناعی خارج کر دینگے، ادویات کی قیمتوں کا تعین کرنا عدالت کا کام نہیں، کمپنیوں کو جائز منافع ملنا چاہئے اور ان کا کاروبار متاثر نہیں ہونا چاہئے، لیکن ڈاکٹروں اور ادویہ ساز کمپنیوں میں خدمت کا جذبہ بھی ہونا چاہئے، ڈریپ تمام درخواستوں پر جلد از جلد فیصلہ کرے، کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، ڈریپ کو تمام کام شفافیت اور ایمانداری سے کرنا ہو گی۔
چیف جسٹس نے ڈریپ حکام کو ہدایت کی کہ وکلا کے دلائل کے دوران تمام ڈیٹا اکٹھا کریں، ڈریپ کو وہ قیمت متعین کرنی چاہیے جو عوام پر بوجھ نہ بنے۔ عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کردی۔