نال: نیشنل پارٹی کو نال میں زبردست دھچکا ،میر حاصل خان بزنجو کے قریبی عزیز و بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کے خاندان کا فرد چیئرمین میونسپل کمیٹی نال میر خالد بزنجو ایک بڑے جلسے کے دوران اپنے ہزاروں ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ۔
نیشنل پارٹی چند مرعات یافتہ لوگوں کے ہاتھوں یرغمال ہو چکی ہے مفاد پرست ٹولے کو اہمیت جبکہ نظریاتی ورکروں کو نظر انداز کرنا مشغلہ بنا دیا گیا ہے،جلد آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان بھی کرئینگے ۔
میر خالد بزنجو اور دیگر مقررین کا جلسہ عام سے خطاب تفصیلات کے مطابق نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کے سیاسی شاگرد میونسپل کمیٹی نال کے چیئرمین میر خالد بزنجو ،جنرل کونسلر ماسٹر مرزا خان لانگو ،ماسٹر عنایت اللہ رگام ،عبدالطیف بلوچ ،عبداللہ رند سمیت دیگر مقررین نے نال میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی چند مرعات یافتہ لوگوں کے ہاتھوں یرغمال ہو چکی ہے ۔
پارٹی میں حقیقی سیاسی ورکروں کو مکمل نظر انداز کیا جا رہا ہے نیشنل پارٹی کا جو حقیقی نظریہ یا میر غوث بخش بزنجو کاجو حقیقی فلسفہ ہے پارٹی کو یرغمال کرنے والے قوتوں نے اس سے انحراف کر دیا ہے ۔
ہم نے اس متعلق بار بار اپنی خدشات سے آگاہ کیا مگر ہمیں سننے کے بجائے نظر انداز کیا جاتا رہا نظریہ سے انحراف کرنے اور پارٹی کو یرغمال بنانے والوں کی طرز سیاست سے مجبور ہو کر ہم نے اپنے راستے الگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اسی بنیاد پر آج ہم نیشنل پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے یہ اعلان بھی کرتے ہیں کہ ہم چند دنوں میں اپنے آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرئینگے ۔
میر خالد خان بزنجو نے اپنے خطاب میں کہا کہ نال کے عوام باشعور ہو چکے ہیں آج اس بڑے جلسہ میں شرکت کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم سب نظر انداز کئے گئے ہیں میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ میں ان کے ساتھ ہوں اور ہم سب ملکر نال کی خوشحالی اور نظر انداز کرنے والے قوتوں کے خلاف ایک بہترین سیاسی حکمت عملی طے کر کے اپنے آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرئینگے اور عوام کے حقوق کے لئے ایک نئے جزبے کے تحت میدان میں اترئینگے ۔
نال کے عوام نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے میں اس پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کرونگا اور ساتھ ہی ساتھ ہم جو بھی فیصلہ کرئینگے نال کے عوام کو اعتماد میں لیکر کرئینگے آج کے بعد ہم سب کا نیشنل پارٹی سے کوئی تعلق نہیں چند دنوں میں ہم اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرئینگے ۔
نال میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی سے مستعفیٰ
وقتِ اشاعت : March 1 – 2018