اسلام آباد: اٹالین نیوی کے سربراہ ایڈمرل والٹرگیراڈلی نے نیول ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی ۔
نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے اٹالین نیوی کے سربراہ کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ سلامی کے بعدمعزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔
بعد ازاں ، اٹالین نیوی کے سربراہ ایڈمرل والٹرگیراڈلی نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ اُموراوردو طرفہ بحری اشتراک پرتبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کے مختلف شعبے بھی زیرِ غور رہے ۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کردار بالخصوص کولیشن میری ٹائم کمپین پلان اور بحری قزاقی کی بیخ کنی کے آپریشنزمیں پاک بحریہ کی شرکت پر روشنی ڈالی ۔ ایڈمرل والٹرگیراڈلی نے خطے میں بحری امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار و خدمات کو سراہا۔
ملاقات کے بعدعلاقائی مسائل کے متعلق پاک بحریہ کے نقطہ نظر اوربحرِ ہند میں امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کے کردارپر معزز مہمان کو ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔بعد ازاں، اٹالین نیول چیف نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادمیں یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
دورے کے دوسرے مرحلے میں ایڈمرل والٹرگیراڈلی کراچی میں نیول فیلڈ کمانڈز کا دورہ کریں گے۔اٹالین نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی تعلقات میں مزید استحکام کا باعث بنے گا۔
اٹالین نیول چیف کی پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات، دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال
وقتِ اشاعت : March 7 – 2018