بنگلورو: بھارت میں محکمہ احتساب کے سربراہ جسٹس وشوا ناتھ قاتلانہ حملہ میں شدید زخمی ہوگئے جب کہ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹکا کے دارالحکومت بنگلورو میں احتساب عدالت کے جج جسٹس وشوا ناتھ شیٹی کو ایک حملہ آور نے خنجر کے وار کرکے شدید زخمی کردیا۔ 74 سالہ جسٹس وشوا ناتھ شیٹی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کمرہ عدالت سے ملزم کو گرفتار کرکے اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ حملہ آور کی شناخت تیجاس شرما کے نام سے ہوئی۔ ملزم تیجاس شرما نے جسٹس وشوا ناتھ شیٹی کو کمرہ عدالت میں اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایک مقدمے کی سماعت کر رہے تھے۔
تیجاس شرما ایک بڑا خنجر اپنے لباس میں چھپا کر کمرہ عدالت میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا اور موقع پاکر اس نے جج پر خنجر کے 5 وار کیے۔ حکام کے مطابق ملزم تیجاس شرما نے احتساب عدالت میں مقامی سرکاری محکمے اور اس کے افسر کے خلاف کرپشن کی درخواست دائر کی تھی۔
تیجاس شرما کا کہنا تھا کہ کرپٹ افسران سرکاری ٹھیکے کے لیے اس سے رشوت کا مطالبہ کررہے ہیں جن کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ جسٹس وشوا ناتھ شیٹی نے ملزم کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی تھی جس پر اسے غصہ تھا۔ جسٹس وشوا ناتھ شیٹی ریاست کرناٹکا کی ہائی کورٹ کے سابق جج بھی رہ چکے ہیں۔