|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2018

پشاور: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

پشاور میں  فرنٹئر کور کے اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران احسن اقبال کا کہنا تھا کہ  کسی بھی ملک میں امن و استحکام کا قیام بنیادی ضرورت ہے، پاکستان کو چند سال قبل دہشت گردوں نے نشانہ بنا رکھا تھا، دہشت گردوں نے ننھے بچوں کو پشاور میں نشانہ بنایا، جس پر  پوری قوم، حکومت اور فورسز نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا، حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایف سی کی استعداد کار میں اضافہ کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ آپریشن کے باعث آج دہشت گرد نرغے میں ہیں لیکن جب تک دہشت گردوں کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں کریں گے چین سے نہیں بیٹھیں گے، ہم اپنے بچوں کو پر امن پاکستان دیں گے، ملک بھر میں جہاں بھی آپریشن جاری ہے وہ دہشت گردوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نئے پاکستان میں جو ہارس ٹریڈنگ ہوئی اس پر عمران خان کو پوچھنا چاہئے کیونکہ سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کے اپنے گھر میں منڈی لگی۔

جن جماعتوں کے اراکین بکے ہیں انھیں سوچنا چاہئیے کہ ایسا کیوں ہوا۔ ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے کے لیے مسلم لیگ (ن) سب کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ملک  میں امن کے لیے ہم اسے اقتصادی طاقت بنانا چاہتے ہیں۔