|

وقتِ اشاعت :   March 9 – 2018

نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان پیپلز پارٹی سینٹ کے موجودہ چیئرمین رضا ربانی کو ہی دوبارہ اس عہدے کے لیے نامزد کرتی ہے تو ان کی جماعت ان کی حمایت کرے گی۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ رضا ربانی اس عہدے کیلئے بہترین امیدوار ہیں اور انہوں نے اپنے اتحادیوں سے بھی رضا ربانی کی حمایت کے لیے بات کی ہے۔نواز شریف نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ رضا ربانی ایک اچھے چیئرمین رہے اور ہم ان کی حمایت کر رہے ہیں۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹ کی چیئرمین شپ کے لیے رضا ربانی کے علاوہ کوئی بھی اور نام سامنے آیا تو مسلم لیگ ن اس کے مقابلے میں اپنا امیدوار سامنے لائے گی۔تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ دوسری صورت میں امیدوار کون ہو سکتا ہے۔رضا ربانی کی حمایت کا فیصلہ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔

مشاورتی اجلاس میں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفر الحق کے علاوہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی، نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی شرکت کی۔

اس اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے درمیان بھی ایک ملاقات ہوئی جس کے بعد جب صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ نواز شریف چاہ رہے ہیں کہ رضا ربانی چیئرمین سینیٹ بنیں تو آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ’میں ایسا نہیں چاہ رہا۔دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے وزیراعلیٰ بلوچستان نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران یقیناًبہت سے امور زیر غور آئے ہونگے مگر اس میں اہم جُز سینیٹ چیئرمین شپ کا ہے جس کیلئے عمران خان نے غیر مشروط طور پر وزیراعلیٰ بلوچستان کو اپنے 13 سینیٹرز کی حمایت کا نہ صرف یقین دلایا بلکہ چیئرمین سینیٹ کے فیصلے پر ووٹ دینے کا اعادہ کیا۔

اس اہم پیشرفت کو غیر معمولی نوعیت کے طور پر دیکھاجارہا ہے کیونکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو سمیت منحرف لیگی سینیٹرز کا زیادہ تر جھکاؤ پیپلزپارٹی کی طرف ہے۔ عمران خان کے اس فیصلے کے بعد پیپلزپارٹی کی پوزیشن مضبوط ہوتی جارہی ہے اور عمران خان نے بھی غیرمحسوس طریقے سے پیپلزپارٹی کی حمایت کردی ہے۔