گجرات میں تحریک انصاف کے جلسے میں دوران خطاب عمران خان پر جوتا اچھال دیا گیا لیکن وہ علیم خان کو جا لگا۔
گجرات میں تحریک انصاف کی ممبر سازی مہم کے دوران عمران خان جلسے سے خطاب کررہے تھے کہ اس دوران ایک شخص نے اسٹیج پر جوتا اچھال دیا لیکن خوش قسمتی سے وہ چیرمین پی ٹی آئی کو نہ لگا بلکہ ان کے ساتھ کھڑے علیم خان کو جا لگا، واقعے کے فوراً بعد عمران خان خطاب چھوڑ کر واپس روانہ ہوگئے۔
واضح رہے سیاست دانوں پر جوتا اچھالنے کے واقعات میں دن بدن تیزی آتی جارہی ہے اور اب تک اس کی زد میں متعدد رہنما آچکے ہیں چند ہفتے قبل ایک تقریب کے دوران وزیرداخلہ احسن اقبال پر بھی جوتا اچھالا گیا جب کہ چند روز قبل وزیرخارجہ خواجہ آصف پر سیاہی پھینکی گئی جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف پر بھی جوتا اچھالا گیا جو ان کے سینے پر لگا تھا۔