لاہور: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے رائیونڈ دھماکے کے مبینہ سہولت کار کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا جن کا تعلق ٹی ٹی پی سے ہے۔
رائے ونڈ لاہور میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تفتیشی اداروں نے اہم پیش رفت کی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے خودکش حملے کے مبینہ سہولت کار کو اس کے ساتھی سمیت اندرون شہر سے گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان میں سے ایک کا تعلق سوات اور دوسرے کا افغانستان سے ہے جن کے قبضے سے اہم دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ مبینہ سہولت کار نے خود کش حملہ آور کو جائے وقوعہ تک پہنچایا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خودکش حملہ آور کا ٹارگٹ پولیس افسران اور جوان تھےِ۔
واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق خود کش حملہ آور تین ساتھیوں کے ساتھ جائے وقوعہ تک آیا، پولیس اہلکاروں نے روکا تو ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ باقی تین اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ دھماکے میں پانچ سے چھ کلو دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد ملے ہیں۔ خود کش حملہ آور کے جسم کے نمونے اور دھماکہ خیز مواد فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا۔
گزشتہ روز لاہور میں رائے ونڈ اجتماع گاہ کے باہر پولیس چوکی پر خود کش حملے میں 5 اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید ہوگئے تھے۔ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔