|

وقتِ اشاعت :   March 17 – 2018

اسلام آباد: پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی ،سعودی عرب کے سر کاری دورے پر ہیں ۔ دورے کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے رائل سعودی نیول فورسز کے ویسٹرن فلیٹ کمانڈر ،ریئر ایڈمرل حامد بخیت ال جوہانی سے ملاقات کی اور رائل سعودی نیول فورسز کے جہاز اور اسٹبلشمنٹس کا دورہ کیا۔

رائل سعودی نیول فورسز کے ویسٹرن فلیٹ کمانڈرکے ساتھ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور اور دو طرفہ بحری اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریئر ایڈمرل حامدبخیت ال جوہانی نے پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان مختلف شعبوں میں قریبی اور مضبوط باہمی بحری تعلق کو سراہا۔

بعد ازاں ، پاک بحریہ کے سر براہ نے ویسٹرن فلیٹ کمانڈ کے کنٹرول سینٹر، رائل سعودی نیول اسکول اور رائل سعودی نیول فورسز کے ایوی ایشن سیٹ اپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر نیول چیف کو ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے رائل سعودی نیول فورسز کے جہازایچ ایم ایس مکہ کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے نیول چیف کوبریفنگ دی۔ سر براہ پاک بحریہ نے جہاز کے عملے سے بات چیت کی اور اُن کی آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔

پاک بحریہ کے سر براہ کا یہ دورہ بالخصوص دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین موجوداشتراک میں مزید وسعت و استحکام کا باعث ہو گا۔